بھٹکل:5/اپریل(ایس اؤنیوز)شہر کے مشہور و معروف چن پٹن شری ہنومنت مندرمیں منعقدہ رتھ اتسوا المعروف تیر حبّا میں ہزاروں بھگتوں نے شرکت کرتے ہوئے رتھ کو کھینچ کر لے جانے کی رسم میں حصہ لیا، جبکہ پوجا پاٹ کے ساتھ رتھ کو کھینچ کر لے جانے کا یہ تہوار پرامن طور پر شام قریب سات بجے اختتام پذیر ہوا۔
صبح سےہی بھگت مندر پہنچ کر رتھ کے لئے اپنے عطیہ جات فراہم کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ خاص کر خواتین اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ ہنومنت مندر پہنچ کر پوجا میں شریک ہوئیںَ ۔ شام میں منعقد ہوئے مندر جاتر ے میں ہزاروں بھگتوں نے شرکت کی، بیندور، شرور، کنداپور سے بھی بھگت مندر پہنچ کر پوجا پاٹ میں شریک ہوئے ۔ شام 15-03 کو روایت کے مطابق مندر انتظامیہ کے ذمہ داران نے مسلم چرکین خاندان کے گھر پہنچ کر رتھ اتسوا کے لئے اشیرواد لیا اور اُنہیں پروگرام میں شریک ہونے کی دعوت دی۔ یہاں چرکین خاندان کے اہل خانہ نے انتظامیہ اور ذمہ داروں کی میزبانی کی۔
شام 15-06کو رتھ کھینچنے والے پروگرام کی شروعات ہوئی ۔اس موقع پر مسلم لیڈران بالخصوص تنظیم نائب صدر اور جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری جو بذات خود چرکن خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ہنومنت مندر پہنچ کر خیرسگالی کا پیغام دیا، ان کے ہمراہ رابطہ سوسائٹی کے سرگرم رکن یاسین عسکری اور مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے میراں صدیقہ بھی موجود تھے۔ مندر میں انتظامیہ کے ذمہ داران نے ان کی تہنیت کرتے ہوئے بھائی چارگی کی مثال قائم کی ۔
تیرجب ہنومنت مندر سے جلوس کی شکل میں نکلا تو ہمیشہ کی طرح فلاور بازار سے مین روڈ ہوتے ہوئے ماری کٹہ کراس پر مُڑ گیا اور کار اسٹریٹ کے راستے واپس ہنومنت مندر پہنچ گیا۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے، جبکہ سینکڑوں لوگ راستوں کے کنارے اور دکانوں اور مکانوں کی چھت پر کھڑے رتھ گذرنے کا لطف اٹھارہے تھے۔ رتھ اتسوا کی مناسبت سے ضلع ایس پی ونایک پاٹل ، ایڈیشنل ایس پی دیوراج، ڈی وائی ایس پی شیو کمار، سی پی آئی سریش نایک کی رہنمائی میں پولس سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جگہ جگہ پولس ہاتھوں میں کیمروں کے ساتھ موجود تھیں اور تمام لوگوں پر پولس نگاہ بنائے ہوئے تھی۔